’ سندھ میں کورونا کیسز 24 گھنٹوں میں دنیا کی اوسط شرح سے زیادہ رپورٹ ہوئے‘
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا کی اوسط شرح سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جو انتہائی تشویشناک ہے۔
مراد علی شاہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 104 کورونا کے کیسز آئے ہیں جو مجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہیں، یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے، یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کاہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 6 اموات ہوئی ہیں جوکہ زیادہ ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صورتحال خراب ہونے کی وجہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد نہ ہونا ہے، اس لاک ڈاؤن پر جب تک سختی سے عمل ہو رہا تھا تو صورتحال بہتر تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر میں لاک ڈاؤن کافی کمزور تھا جس کو آج مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بھی کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سخت کیا جا رہا ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ اب تک کورونا سے متاثرہ 371 لوگ صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں، آج مزید 13 لوگ صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 4 ہزار 897 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 1318 متاثرین کا تعلق سندھ سے ہے اور صوبے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جو دیگر صوبوں سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔
Comments are closed on this story.